سرینگر// حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے گزشتہ ماہ اڑیسہ میں لاپتہ ہوئے کپوارہ کے ایم بی بی ایس طالب علم سہیل اعجاز کی مسلسل گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنا وقت گذر جانے کے باوجود ریاستی حکومت اور وہاں کی انتظامیہ مذکورہ طالب علم کو تلاش کرنے میں ناکام ہے جو انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی وجہ سے کئی خدشات جنم لے رہے ہیں ۔میرواعظ نے سہیل اعجاز کے افراد خانہ بالخصوص اس کے چچا جو اڑیسہ سے واپسی پر ہندوارہ میں ایک ٹریفک حادثے کا شکار ہوکر جاں بحق ہو گئے ،پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔میرواعظ نے سہیل اعجاز کے زخمی والد جو وینٹی لیٹر پر ہیں کی فوری صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔