بولنگیر//وزیراعظم نریندرمودی نے منگل کے روز اوڈیشہ میں 1545کروڑروپئے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجکٹوں کو قوم کے نام وقف کیا۔ مسٹر مودی نے اس موقع پر کہاکہ یہ سبھی پروجکٹ تعلیم ،رابطہ ،ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے سے متعلق ہیں ۔ان پروجکٹوں کے توسط سے متعلقہ شعبوں کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔انھوں نے کہاکہ حکومت ملک میں بنیادی سہولیات کی ترقی کے لیے پرعزم ہے جس سے روزگار کے مواقع پیداہوں اور نئے ہندستان کے لیے ترقی کا عمل جاری رہے ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر 813کلومیٹر جھارسوگوڑا ۔ویجی نگرم اور سمبل پور ۔انگل لائن پر85 10کروڑ روپئے کی لاگت والے الیکٹری فکیشن کے کام کو قوم کے نام وقت کیا۔اس کے علاوہ انھوں نے 100کروڑ روپئے کی لاگت سے جھارسوگوڑا میں ملٹی ماڈل لوجسٹک پارک ،13اعشاریہ 5کلومیٹر برپالی ۔ڈونگری پالی اور بالنگیر ۔دیوگاؤں سڑک ،تھیروولی ۔سنگاپور سڑک اسٹیشن کے درمیان ایک پل کا بھی افتتاح کیا۔ مسٹر مودی نے سونپور میں سنٹرل اسکول کی مستقل عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اور بولنگیر ۔بچوپالی سے نئی ریل لائن کا افتتاح کیا۔انھوں نے جگت سنگھ ،کیندرپاڑہ ،پوری ،کندھمال ،بارگڑھ اور بلنگیر میں نئے پاسپورٹ آفس کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے گندھاہرادی (بودھ)میں نیلا مادھو اور سدھیشور پراچین مندر کی تجدید کاری اور احیا کے کام کا آغازکیا۔مسٹر مودی نے کہاکہ ان سبھی پروجکٹوں سے علاقہ میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی سے سبھی علاقے آپس میں بہتر طریقہ سے جڑ جائیں گے اور تجارت کی راہ بھی آسان ہوگی ۔ایم ایم ایل وی سے سے درآمد ات اور برآمدات اور گھریلو سامان اور نجی طورپر سازوسامان کی نقل وحمل میں سہولت ہوگی ۔اس سہولت سے آس پاس کے اسٹیل ،سیمنٹ اور پیپر بنانے والے ضروری صنعتوں کو بھی فائدہ ہوگا ۔ملٹی ماڈل لوجسٹک پارک سے اوڈیشہ کا جھارسوگوڑا اہم لوجسٹک مرکز بن جائیگا۔وزیراعظم نے بولنگیر اور بچھوپالی کے بیچ 15کلومیٹر لمبی نئی ریل لائن کا بھی افتتاح کیا۔اس ریلوے لائن سے اوڈیشہ کے ساحلی ضلع اور ریاست کے مغربی علاقے جڑ جائیں گے اور ریاست کے سبھی حصوں کی ترقی ہوگی ۔اس ریلوے لائن سے بھونیشور اور پوری سے نئی دہلی اور ممبئی جیسے بڑے شہروں کے بیچ سفرکا وقت بھی کم ہوگا ۔ریلوے لائن سے اوڈیشہ کے کئ ایم ایس ایم آئی اور گھریلوصنعتوں کو فائدہ ہوگا اور ریاست میں کانکنی سیکٹر کے لیے بھی نئے مواقع پیداہونگے ۔جھارسوگوڑا ۔وجے نگرم اور سمبل پور ۔انگول کے درمیان 813کلومیٹر لمبی ریل لائنوں کے الیکٹری فکیشن سے کسی رکاوٹ کے بغیر اس لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت ہوگی اور 13اعشاریہ 5کلومیٹر کے برپالی ۔ڈنگری پالی اور بولنگیر ۔دیوگاؤں ر پروجکٹ کے مکمل ہونے سے اوڈیشہ کی صنعتی صلاحیت کو فروغ ملے گا۔اوڈیشہ کے گورنر گنیشی لال ،مرکزی وزرا جوئیل اورام اور دھرمیندرپردھان ،اوڈیشہ اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اور مقامی رکن اسمبلی نرسنگھ مشرا،بیجوجنتادل کے مقامی رکن پارلیمنٹ کالی کیش سنگھ دیو بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعظم مودی کا گزشتہ ایک ماہ میں ریاست کا یہ تیسرادورہ ہے ۔اس سے پہلے انھوں نے پچھلے سال 24دسمبر کو ساحلی اوڈیشہ کے کھوڑدھا میں 14523کروڑ روپئے کے کئی پروجکٹوں کا سنگ بنیادرکھاتھا اور افتتاح کیاتھا جبکہ گزشتہ پانچ جنوری کو آدی واسی اکثریتی میور بھنج ضلع کے باری پدا کے دورے کے دوران وزیراعظم نے کچھ پروجکٹوں کا سنگ بنیاد رکھاتھا اور 4500کروڑ روپئے کے کئی دیگر پروجکٹ کا افتتاح بھی کیاتھا۔یواین آئی۔
اڑیسہ میں کروڑوں روپئے کے پروجیکٹوں کا آغاز
