سرینگر//نامعلوم بندوق بردار وسطی ضلع بڈگام کے اچھ گام پولیس پوسٹ میں داخل ہوکروہاں پر تین سیکورٹی اہلکاروں کی مارپیٹ کی۔ معلوم ہوا ہے کہ بندوق برداروں نے ہوا ئی فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں لوگ سہم کررہ گئے۔ ایس ایس پی بڈگام نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابقبعد دوپہر اچھ گام بڈگام میں اُس وقت خوف وہراس پھیل گیا جب چند نامعلوم بندوق بردار پولیس پوسٹ اچھ گام میں گھس گئے اور وہاں پر تعینات تین پولیس اہلکاروں کی ہڈی پسلی ایک کردی۔ معلوم ہوا ہے کہ بندوق بردار ہتھیار لوٹنے کی غرض سے پولیس پوسٹ میں گھس گئے تھے تاہم گارڈ روم میں کوئی بندوق موجود نہیں تھا جس کے بعد مسلح افراد نے سیکورٹی اہلکاروں کی ہڈی پسلی ایک کرکے ہوائی فائرنگ کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا ۔ ایس ایس پی بڈگام تیجندر سنگھ نے اس سلسلے میں بتایا کہ نامعلوم بندوق بردار اچھ گام بڈگام میں مندر کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں کے گارڈ روم میں گھس گئے اور اہلکاروں کی ہڈی پسلی ایک کردی۔ ایس ایس پی کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے کہ آیا کہ عسکریت پسندوں نے حملہ کیا یا پھر آپسی رنجش کا نتیجہ ہے۔