یو این آئی
نئی دہلی// لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار اوم برلا کو 18ویں لوک سبھا کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ایوان کو چلانے میں تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ وہ ایوان میں اپوزیشن کی آواز کو اہمیت دیں گے۔لوک سبھا میں گاندھی نے کہا’ ’میں آپ کو لوک سبھا کا اسپیکر منتخب ہونے پر تمام اپوزیشن اور انڈیا اتحاد کی طرف سے مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ ایوان ملک کے عوام کی آواز کی نمائندگی کرتا ہے اور آپ اس آواز کو انصاف دینے والی آخری قوت ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اپوزیشن کی آواز ایوان میں پہنچ جائے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ حکومت کے پاس سیاسی طاقت ہے لیکن اپوزیشن بھی ملک کے عوام کی آواز کی نمائندگی کرتی ہے اور اس بار عوام نے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ اپوزیشن کو یہ ذمہ داری سونپی ہے۔ اس بار ایوان میں اپوزیشن کی آواز پچھلی بار سے کہیں زیادہ ہے۔ گاندھی نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی آواز کو دبا کر ایوان کو چلانے کی کوشش کی جاتی ہے تو یہ یقینی طور پر ایک غیر جمہوری سوچ ہے۔ اس الیکشن نے ظاہر کیا ہے کہ لوگ آئین کے تحفظ کے لیے فکر مند ہیں اور اس کے لیے انہوں نے اپوزیشن سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔