عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// اپوزیشن جماعتیں لداخ میں ایک وفد بھیجنے پر غور کر رہی ہیں، جہاں آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت ریاست اور قبائلی حیثیت کے لیے پچھلے مہینے احتجاج کے دوران تشدد میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔کئی اپوزیشن جماعتوں نے تصدیق کی ہے کہ اکتوبر کے آخر تک رہنمائوں کے ایک گروپ کو یونین ٹیریٹری میں بھیجنے کے حوالے سے غیر رسمی بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس، سی پی آئی (ایم)، عام آدمی پارٹی، سماج وادی پارٹی، اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ جیسی جماعتوں نے اس تجویز پر بات چیت کی ہے۔اے اے پی کے ایک رہنما نے کہا کہ بات چیت ہوئی ہے، لیکن انہوں نے زور دے کر کہا کہ ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔سی پی آئی(ایم)اور سماج وادی پارٹی نے کہا کہ تجویز زیر غور ہے۔ ایک سینئر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس معاملے پر “سنجیدگی سے” بات کی جا رہی ہے۔