جموں//اپنی پارٹی صوبائی صدر اور سابقہ لیجسلیچر منجیت سنگھ نے محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے عمر رسیدہ افراد ، معذوروں اور بیواہ مستفیدین کی پنشن بند رکھے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جموں کے متعدد علاقہ جات میں بجلی اور پینے کے صاف پانی کی سپلائی میں بار بار خلل پر بھی برہمگی کا اظہار کیا۔عوامی رابطہ مہم کے تحت منجیت سنگھ نے پارٹی سنیئر نائب صوبائی صدر فقیر ناتھ، ریاستی صدر ایس سی ونگ بودھ راج بھگت ودیگر کے لیڈران کے ہمراہ وارڈ نمبر61جموں کے تالاب تلو کے مکینوں اور تاجروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ اس دوران مقامی لوگوں نے اپنے مسائل کو اْجاگر کرتے ہوئے انتظامی عدم توجہی پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔منجیت سنگھ نے مقامی لوگوں کو بغور سْننے کے بعد کہاکہ یہ انتہائی تشویش کن امر ہے کہ انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہی ہے اور شدت کی گرمی کے دوران بجلی اور پانی کی مناسب سپلائی تک یقینی نہ بنائی جاسکی۔ گھریلو صارفین اور تاجروں کو انتظامیہ کی عدم توجہی کا سامنا ہے۔منجیت سنگھ نے انتظامیہ سے گذارش کی کہ سماج کے کمزور وار غریب پنشنروں کے حق میں واجب الادا پنشن بلاتاخیر واگذار کی جائے۔ انہوں نے سبھی صارفین کو وافر مقدار میں پینے کے صاف پانی اور بجلی کی سپلائی کا بھی مطالبہ کیا۔