جموں// منشیات وباء اورشہر جموں میں اِس کے بڑھتے واقعات کے خلاف اپنی پارٹی یوتھ ونگ نے جموں میں ایک موٹرسائیکل ریلی نکالی جس کا مقصد عوام میں وباء کے خاتمہ کے لئے بیداری پھیلانا تھا۔ ریلی کو پارٹی جنرل سیکریٹری وجے بقایہ اور صوبائی صدر منجیت سنگھ نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، ریلی میں شامل نوجوانوں نے منشیات کے خاتمہ کے لئے بینرز اور پلے کارڈز بھی اُٹھارکھے تھے۔ یہاں جاری ایک پریس بیان کے مطابق وجے بقایہ نے کہاکہ نوجوانوں کی طرف سے منشیات کا استعمال ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ اِ س ریلی کا مقصد نوجوانوں کو نشہ کے مضر اثرات بارے متنبہ کرنا ہے کیونکہ نشہ سے نوجوان جوکہ ملک وقوم کا مستقبل ہیں ، وہ اپنی زندگی برباد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سماج سے اِس ناسور کو ختم کرنے کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور مخلصانہ کوششیں کرنے اور ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ منجیت سنگھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ جموں وکشمیر پولیس اور غیر سرکاری رضاکار تنظیموں کی مدد سے عوام میں بیداری پھیلنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا’’یہ ایک روز کا معمول بن گیا ہے جب یہ سننے کو ملتا ہے کہ فلاں جگہ منشیات سمگلر گرفتار ہوئے اور اُن سے نشہ آور کیپسول اور انجکشن کی بھاری کھیپ ضبط کی گئی لیکن جہاں سے یہ سپلائی ہورہی ہے اور اِس میں شامل بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے ۔ ڈرگ مافیا پر نکیل کسنے سے ہی منشیات کی سمگلنگ ، استعمال پر روک لگائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے نشہ کے عادی نوجوانوں کی بازآبادکاری پر بھی زور دیاتاکہ اُنہیں دوبارہ سے معمول کی زندگی جینے میں مدد کی جائے۔ اپنی پارٹی یوتھ ونگ جنرل سیکریٹری ابہے بقایہ نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ منشیات کے خلاف سخت اقدامات کرے کیونکہ اِس کے سماج اور آنے والی نسل پرسنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ قوم دشمن عناصر جوکہ منشیات کا فائیدہ اُٹھاکر نوجوانوں کو تباہ کر رہے ہیں، کیخلاف بھی کارروائی کی ضرورت ہے۔ صوبائی یوتھ ونگ صدر وپل بالی، ریاستی کارڈی نیٹر یوتھ ونگ سنی کانت چب نے بھی منشیات وباء پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ریلی کو ہری جھنڈی دکھاتے وقت پارٹی کے کئی سنیئرلیڈران بھی موجود تھے جن میں معاون جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن) ارون چبر، ضلع صدر جموںاربن/صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، ریاستی صدر اپنی ٹریڈ یونین اعجاز کاظمی وغیرہ بھی موجو د تھے۔