عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کل کہا کہ ان کی پارٹی کو جموں اور کشمیر میں ایک متحرک سیاسی متبادل کے طور پر ابھرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہوں کیونکہ دہائیوں کے خاندانی راج اور روایتی سیاسی جماعتوں کی پر فریب سیاست نے یہاں کے لوگوں کو سالہا سال تک مصائب و مشکلات سے دوچار رکھا ہوا ہے۔ حریت کانفرنس کی اکائی اتحاد المسلمین کے جنرل سکریٹری سید مظفر رضوی کی پارٹی میں شمولیت پرمنعقدہ تقریب پر بخاری نے کہا کہ جموں کشمیر کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار سیاسی لیڈران اور متحرک سیاسی کارکنوں کی اپنی پارٹی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام میں پارٹی کا غیر مبہم ایجنڈا ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مقبولیت اور پذیرائی حاصل کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ ماضی کے سیاسی نظریات اور وابستگیوں سے بالاتر ہوکر لوگ اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں بشرطیہ کہ وہ ملک کے آئین کا احترام کرتے ہوں۔انہوں نے کہا’’ہمارے صفوں میں کسی بھی ایسے شخص کیلئے کوئی جگہ نہیں، جو تشدد بھڑکانے، منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے، مذہبی منافرت کو ہوا دینے، اور ملک دشمن سرگرمیوں میں حصہ لینے میں ملوث ہو۔اس دوران سرینگر سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاسی کارکنان نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔پارٹی میں شامل ہونے والے افراد میں محمد فہیم ریشی، منظور احمد صوفی، فاروق احمد ڈار، بلال احمد بٹ، فارش احمد متو، آصف منظور بٹ، اعجاز احمد میر، منیر احمد کھانڈے، سمیر احمد کھانڈے، بشارت احمد، اویس شفیع ڈار، اور دیگر اشخاص شامل ہیں۔