اپنی پارٹی سبھی خطوں کی یکساں ترقی کی وعدہ بند:الطاف بخاری

جموں// اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہاہے کہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے دونوں خطوں کے لوگوں کی خواہشات کی نمائندگی کرتی ہے۔ پارٹی دفتر جموں میں منعقدہ ایک تقریب جس میں اودھم پور سے درجنوں افراد نے پارٹی میں شمولیت کی، کا خیر مقدم کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی جموں خطہ کے مختلف علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا اعتماد جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔سید الطاف بخاری نے اودھم پور سے نئے ساتھیوں کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا “میں پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہوں۔مل جل کر اور ساتھ چلنے سے ہمیں ہماری منزل جلد ملے گی اور ہماری منزل جموں کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کا حصول ہے۔انہوں نے مزید کہا یکساں ترقیاتی پالیسی لوگوں کو ہماری طرف مائل کر رہی ہے، ہمارا مقصد جموں کشمیر کے عوام کو معاشی اور سیاسی لحاظ سے بااختیار بنایا ہے۔ ہم اپنے مقصد کے حصول کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔الطاف بخاری نے صوبہ جموں کے دور افتادہ علاقہ جات خاص طور سے ضلع اودھم پور کی دیہات میں تعمیر وترقی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی سبھی خطوں کی یکساں ترقی کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہا اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آئی تو ہم سبھی خطوں اور گاوں کی یکساں تعمیر وترقی کے لئے کام کریں گے، خاص طور سے پینے کے صاف پانی، بجلی، حفظان صحت وتعلیمی نظام کو بہتربنانے پر توجہ دی جائے گی اپنی پارٹی صدر نے مزید کہاروایتی سیاسی جماعتوں نے ووٹ بینک کے لئے لوگوں کا استحصال کیالیکن وہ عوام سے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہیں البتہ اپنی پارٹی دونوں خطوں کے لوگوں کی خواہشات کی تکمیل کیلئے کوئی دقیقہ فروگذشت نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ اودھم پور ضلع کمیٹی لوگوں کے مسائل کو اجاگر کر کے ان کے جلد ازالہ کیلئے کام کرے گی۔اس موقع پر پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میرم، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، صوبائی نائب صدر وسابقہ ایم ایل اے فقیرناتھ، ضلع صدر اود ھم پور ہنس راج ڈوگرہ، ضلع نائب صدر حاجی نور محمد ودیگر لیڈران بھی موجود تھے۔جن افراد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی، ان میں طالب حسین، فضل کریم بانڈے، وجے شرما، کلدیپ شرما وغیرہ قابل ذکر ہیں۔