پونچھ//محکمہ آب پاشی(اریگیشن) کی جانب سے گائوں منگناڑ کی آبی زمینوں کے لئے بنائی گئی کول (نہر) کی پچھلے کئی سال سے مرمت نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ہر سال یہاں کے کسانوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس سلسلہ میں گائوں کے سابقہ سرپنچ دولت رام کی قیادت میں ایک احتجاج کے دوران مقامی لوگوں نے محکمہ کے خلاف سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ منگناڑ کی نہر کی مرمت کر کے اس کو بحال کریں تاکہ کسانوں کو کاشتکاری کے دوران پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقامی شخص مدن لعل شرما نے کہا کہ عرصہ دراز سے نہر کی مرمت نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے انہیں کاشت کاری کے دوران کئی سال سے خودہی اس نہر کی مرمت کرنی پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بار بھی انہیں عارضی طور پرنہر کی مرمت خود کر کے زمینوں میںپانی لگانا پڑا۔ نمبردار کلدیپ سنگھ نے کہا کہ اس حوالے سے ان کے گائوں کے کئی وفود اعلیٰ حکام سے مالاقات کر کے انہیں اپیل کر چکے ہیں کہ اس نہر کی مکمل مرمت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ موقعہ پر افسران تو یقین دہانی کراتے ہیں کہ وہ نہر کی مرمت کریں گے لیکن زمینی سطح پر کام نہیں کر رہے ہیں ۔اس دوران گائوں کے ستپال شرما، روشن لعل شرما، رام پرکاش، مہندر پرکاش ، سبھاش چندر، بشمبر ناتھ اور امریک سنگھ نے بھی خطاب کر کے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت کریں کہ وہ منگناڑ نہر کی مرمت کریں تاکہ وہاں کے کسان راحت کی سانس لیں۔