حکومتوں کے وعدے محض اعلانات تک محدود، عوام کا انتظامیہ سے مداخلت کا مطالبہ
محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی اپر جھلاس پنچایت اس وقت سنگین عوامی مسائل سے دوچار ہے۔ بنیادی سہولیات کی شدید کمی نے مقامی آبادی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جب کہ حکومتوں کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی وعدے تاحال کاغذوں تک محدود دکھائی دے رہے ہیں۔سب سے سنگین مسئلہ جھلاس مین سے غریب داس مندر تک جانے والی تقریباً پانچ کلومیٹر طویل سڑک کی خستہ حالی ہے۔ یہ سڑک کھڈوں اور مٹی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے افراد کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق اسکولی بچے، اساتذہ، سرکاری ملازمین اور عام شہری ہر روز اس تباہ حال سڑک سے گزرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہابرسات کے دنوں میں یہ راستہ کیچڑ اور پانی سے بھرجاتا ہے، جس سے آمد و رفت مزید خطرناک ہو جاتی ہے۔ نتیجتاً تعلیمی اداروں میں حاضری متاثر ہو رہی ہے اور ملازمین کو اپنے فرائض بروقت انجام دینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔اہلِ علاقہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی اور حال کی تمام حکومتیں بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے معاملے میں یکساں طور پر ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ عوامی نمائندے اور حکومتی ادارے صرف وعدوں اور اعلانات تک محدود ہیں، جب کہ زمینی سطح پر کوئی پیش رفت نظر نہیں آتی۔مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پونچھ اور موجودہ حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے کر خستہ حال سڑک کی مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر مسائل کا بروقت حل نہ نکالا گیا تو وہ احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔