عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے لیے ایک قابل فخر لمحہ میں، وادی کے دو سینئر ایتھلیٹس، گلزار احمد خان اور مزمل حسین میر کو 3-4 جنوری 2026 کو اٹلی کے ٹرینٹینو میں منعقد ہونے والی باوقار بین الاقوامی سنو شو ریس “سیاسپولاڈا 2026” میں ہندوستان کی نمائندگی کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔یہ جوڑی سیاسپولاڈا کے 52 ویں ایڈیشن میں شرکت کرنے والے 17 رکنی ہندوستانی دستے کا حصہ ہوں گی، جسے دنیا کا سب سے بڑا اور قدیم ترین سنو شو رننگ ایونٹ سمجھا جاتا ہے۔سنو شو فیڈریشن آف انڈیا نے باضابطہ طور پر گلزار اور مزمل کے انتخاب کے بارے میں بات کی ہے ،جو بالترتیب بڈگام اور سرینگر سے ہیں ۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ”سنو شو فیڈریشن آف انڈیا کویہ خوشی ہو رہی ہے کہ جموں و کشمیر کے دو سینئر ایتھلیٹس کو 3-4 جنوری 2026 کو ٹرینٹینو، اٹلی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سنو شو ریس ‘سیاسپولاڈا 2026’ میں ہندوستان کی نمائندگی کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔خط میں مزید کہا گیا کہ “کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔صدر نسیم چھایا اورنائب صدر عارف لائیگرو نے جموں و کشمیر کے ہنر کو تسلیم کرنے پر فیڈریشن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا”ہمارے کھلاڑیوں کی کامیابی برسوں کی محنت اور کمیونٹی کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ یہ انتخاب بہت سے نوجوانوں کو سنو شوز چلانے کی ترغیب دے گا‘‘۔