شوپیان //آہگام شوپیان میں جمعرات کو فورسز کی گولی لگنے سے زخمی جنگجو عاصف اشرف سرینگر کے شیر کشمیر میڈیکل انسٹی چیوٹ میں زیر علاج ہیں۔عاصف اشرف ملک ولد محمد اشرف ملک ساکن کراورہ شوپیان جمعرات کی شام فورسز کی گولی لگنے سے اس وقت زخمی ہوا جب وہ شام قریب 8 بجکر 45 منٹ پر ترینج آری ہل روڑ پر آہگام سزن نامی گاؤں کے قریب ایک سیوئفٹ کار میں جارہا تھا۔آہگام گاؤں میں قائم 44آر آر کیمپ کی گشتی پارٹی پہلے ہی آہگام میں ترینج آری ہل روڈ پر موجود تھی۔جونہی کار ،جس میں عاصف سوار تھا ،یہاں پر پہنچی تو عاصف نے فوج پر فائرنگ کی، لیکن جوابی کارروائی میں عاصف زخمی ہوا اور وہ زخمی حالت میں کار سے اتر کر بھاگنے میں کامیاب ہوا۔اسکے بعد عاصف کو نا معلوم افراد نے رات کے دوران ہی سکمز پہنچادیاجہاں اس کا علاج و معالجہ چل رہا ہے۔ اس واقعہ کے دوران جونہی لوگوں نے گولیوں کی آوازیں سنیں تو وہ گھروں سے باہر آگئے اور فورسز پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں فوج نے فائر نگ کی جسکی وجہ سے ایک نوجوان شاہد نظیر ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ادھر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر بھی ایک تصویر وائرل کی گئی جس میں عاصف اشرف زخمی حالت میں حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجوؤں کے ساتھ موجود ہیں۔جس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہیں کہ عاصف آہگام میں زخمی ہوکر اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملا اور اسکے بعد عاصف کو علاج معالجے کے لئے سکمز پہنچایا گیا۔