آڑائی علاقہ میں رابطہ سڑک کی خستہ حالی، مقامی لوگوں کیلئے مشکلات کا باعث ۔15ہزار سے زائد کی آبادی پیدل چلنے پر مجبور

حسین محتشم

پونچھ//برساتی موسم میں رابطہ سڑک کی خستہ حالی ان دنوں ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے اڑائی گائوں کے باشندوں کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔اڑائی کٹھہ تا اڑائی شیخاں اور اڑائی ملکاں سڑک جگہ جگہ خستہ ہوچکی ہے جس پر گاڑیاں چلنا تو دور پیدل چلنے والوں کو بھی کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آڑائی شیخاں کے مڈل اسکول کے راستے میں اس قدر گڑھے ہیں کہ راہگیروں کا یہاں سے گزر نا مشکل ہو گیا ہے۔مختلف مقامات پر کلوٹ بند ہونے کی وجہ سے بارش کے دنوں سڑک پر پانی دریا کی شکل اختیار کرتا ہے جس سے کئی رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔شہریوں کے مطابق اس سڑک کی اس قدر خستہ حالت ہے کہ یہاں سے اسکولی طلباء، خواتین اور معمر افراد کا گزرنا محال ہو جاتا ہے۔ عوام کی شکایت ہے کہ علاقے لیڈران کی بھرمار ہے لیکن سڑک کی خستہ حالی پر کسی کی توجہ نہیں ہے نہ ہی انتظامیہ کو ان راستوں کے تعلق سے کوئی فکر ہے۔ یاد رہے کہ تحصیل منڈی کے اڑائی کے علاقے کے متعدد اسکول ہیں جہاں ہزاروں بچے پڑھتے ہیں۔ایک ڈرائیور جنہوں نے اپنا نام کبیر احمد
بتایا نے کہا کہ اس علاقے کی حالت کو انتظامیہ یکسر نظر انداز کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گاڑیاں چلاتے ہوئے انہیں ہر روز موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا انتظامیہ ویسے تو اپنے کاموں کا خوب ڈھونڈورا پیٹتے ہیں لیکن زمین کے حقائق الگ ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس راستے پر طلباء یا خواتین کے ساتھ کبھی بھی کوئی حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ایک اور شخص نے کہاکہ’’ لیڈران سوشل میڈیا پر چھائے رہتے ہیں، ان کے کئے ہوئے کاموں کی تشہیر جاری رہتی ہے جہاں انہوں نے اتنا کام کیا ہے تو وہ ذرا اس سڑک کی طرف بھی توجہ دیں‘‘۔ انہوں نے کہا 15 ہزار کی آبادی والے علاقے کی عوام کو ہونے والی پریشانی دور کرنے کی غرض سے سڑک کی مرمت ضروری ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ سیاسی اور سماجی تنظیمیں اس وقت تک بے حسی کی چادر اوڑھے سو رہے تھے۔ الیکشن آتے ہی سرگرم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ ’’ کیا یہ سب اس سڑک پر لوگوں کے ساتھ کوئی بڑاحادثہ پیش آنے کے بعد ہی صورتحال تبدیل ہو گئی ؟۔اخلاق احمد نامی ایک مقامی نوجوان کا کہنا تھا کہ یہ سڑکیں آمدو رفت کیلئے بالکل نہیں ہیں لوگ ان پر مجبور ہو کر اپنی جان ہتھیلی پر لے کر چلتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد سڑک کی مکمل مرمتی کے اقدام کئے جائیں ورنہ مجبوراً انہیں بڑے پیمانے پرا حتجاج کیلئے سڑک پر اترنا پڑے گا۔ یاد رہے کہ علاقہ کی عوام نے پہلے بھی کئی بار احتجاجی مظاہرے کر کے سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔