بانہال // قصبہ بانہال سے ڈیڑھ کلومیٹر دور بنکوٹ کے مقام زیر تعمیر ریلوے ٹنل پر وہاں کام کرنے والے ورکروں کے درمیان آپسی لڑائی اور مارپیٹ میں ایک ورکر زخمی ہو گیا ہے۔ زخمی ورکر کو باقی ورکروں نے بانہال ہسپتال پہنچایا جہاں سے اسے سرینگر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ جانکار ذرائع نے بتایا کہ ٹنل کے باہر کام کرنے والے ایک سو کے قریب ورکر ریلوے ٹنل کی تعمیراتی کمپنی بیگ کنسٹریکشن کمپنی کے خلاف ماہانہ اجرتیں ادا کرنے میں کئے جانے والے ٹال مٹول اور عدم توجہی کے خلاف پیر کی بعد دوپہر سے ہڑتال پر چلے گئے تھے اور اس دوران دو بھائی ورکروں کا جھگڑا ایک تیسرے ورکر سے ہوا جو مارپیٹ اور لوہے کی سلاخوں کے استعمال تک جا پہنچا۔ انہوں نے کہا ورکر ہڑتال کو کرنے اور نہ کرنے کے معاملے کو لیکر دست و زبان ہوگئے اور نوبت مار کٹائی تک پہنچی۔ اس مارپیٹ میں ایک مقامی ورکر ساحل احمد شیخ ولد محمد خلیل شیخ ساکنہ بنکوٹ زخمی ہوا ہے اور اسے بانہال ہسپتال سے سرینگر کے ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ جبکہ پولیس نے اس معاملے میں بہار احمد اور خورشید احمد گیری ولدیت نظیر احمد گیری ساکنہ بنکوٹ بانہال کے خلاف پولیس تھانہ بانہال میں ایک کیس نمبر 180 زیر دفعہ 323/341 رنبیر پینل کوڈ درج کیا ہے۔ واقع کی خبر ملتے ہی ایس ایچ او بانہال اعجاز وانی پولیس کی ٹیم لیکر ریلوے ٹنل پہنچے اور حالات کو قابو کرلیا جبکہ زخمی ورکر کو اس سے پہلے ہی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ایک کیس درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے اور مفرور دو بھائیوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کارروائی کی جا رہی ہے۔