پارٹی انجینئر رشید کے اخراجات برداشت کرئیگی
سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کے محبوس صدر اور بارہمولہ سے رکن اسمبلی انجینئر رشید آپریشن سندور پر اہم بحث میں حصہ لینے کے لیے کل پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔اے آئی پی کے ترجمان اعلیٰ انعام النبی نے کہا، “بارہمولہ پارلیمانی حلقہ جس کی انجینئر رشید نمائندگی کرتا ہے، اس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ کئی علاقے شامل ہیں جو آپریشن سندورمیں سب سے زیادہ براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ ان لوگوں کے درد، مصائب اور زمینی حقائق کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا چاہیے۔ انہیں ایک آواز کی ضرورت ہے۔”انعام نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب وہ جن لوگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں وہ بہت زیادہ تکلیف سے گزر رہے ہیں، وہ خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔ اسی لیے ہم نے حکام کی جانب سے درکار ایک دن کے اخراجات برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انجینئر رشید پارلیمنٹ میں حاضر ہو سکیں اور اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ سچائی سنی جائے‘‘۔انعام نے کشمیر کی روایتی جماعتوں کے رویے کو “منتخب اور مایوس کن” قرار دیا اور جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ یہ پہچانیں کہ مشکل وقت میں ان کے ساتھ کون کھڑا ہے۔انعام نے مزید کہا، “یہ صرف ایک بحث نہیں ہے، یہ وقار، حوصلے اور سچائی کے ساتھ نمائندگی کے بارے میں ہے۔ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ اور پورے جموں و کشمیر کے لوگ جمہوریت کے اعلیٰ ترین مندر میں اس قسم کی قیادت کے مستحق ہیں۔ انجینئر رشید اسی کی نمائندگی کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ AIP ان کے ساتھ کھڑی ہے “۔