یواین آئی
نئی دہلی// کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا ہے کہ گولڈن ٹیمپل میں آپریشن بلیو اسٹار کو انجام دینے کا فیصلہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا تنہا فیصلہ نہیں تھا، مگر پھر بھی انہیں اس کی قیمت اپنی جان دے کر چکانی پڑی۔ پی چدمبرم نے معروف صحافی اور مصنف خشونت سنگھ کی نگارشات پر منعقدہ پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ محترمہ اندرا گاندھی وزیر اعظم تھیں، لیکن آپریشن بلیو اسٹار کو انجام دینے کا فیصلہ ان کا تنہا فیصلہ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اس وقت فوج، پولیس اور پنجاب کے رہنماؤں کی مشاورت سے کیا تھا۔سابق مرکزی وزیر نے کہا، “مجھے یقین ہے کہ محترمہ اندرا گاندھی نے اس غلطی کی قیمت اپنی جان دے کر چکائی۔ یہ فوج، پولیس، انٹیلی جنس اور سول سروسز کا مشترکہ فیصلہ تھا۔ آپ اس کے لیے صرف محترمہ اندرا گاندھی کو مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتے ہیں۔”سابق وزیر اعظم کے بارے میں مسٹر چدمبرم کے بیان پر کانگریس کے متعدد لیڈروں نے تنقید کی ہے۔واضح رہے کہ آپریشن بلیو سٹار کے تحت، فوج نے یکم جون 1984 سے امرتسر کے گولڈن ٹیمپل کمپلیکس میں چھپے ہوئے خالصتان کے حامی جنگجوؤں کا صفایا کرنے کے لیے آٹھ روزہ آپریشن شروع کیا تھا۔ خالصتان کے رہنما جرنیل سنگھ بھنڈرانوالے اور ان کے حامیوں کے خلاف یہ آپریشن آٹھ دن تک جاری رہا تھا۔