آنے والے اسمبلی انتخابات میں اپنے وزیر اعلیٰ کیساتھ حکومت بنائیں گے: رویندر رینہ

یو این آئی
جموں// بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندررینہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے آنے والے اسمبلی انتخابات میں  بھاجپا اپنے وزیر اعلیٰ کیساتھ حکومت بنائے گی۔انکا کہنا ہے کہ پچاس سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنا بی جے پی کا ہدف ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں وکشمیر کو دوبارہ جنت سے بھی زیادہ خوبصورت بنائے گا۔موصوف صدر نے ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا: ‘جس طریقے سے مودی سرکار نے جموں وکشمیر کے لوگوں کا بھلا کیا ہے اور لوگوں کو ترقی اور انصاف ملا ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ بی جے پی جموں وکشمیر کے تمام گھروں میں پہنچی ہے ’۔ان کا کہنا تھا کہ آج یونین ٹریٹری کے ہر گھر کے چھت پر بی جے پی کا جھنڈا لہرا رہا ہے ۔ رینہ نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں پچاس سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنا بی جے پی کا ہدف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد جموں وکشمیر پر بی جے پی اور مودی جی کی حکومت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں وہ ہمارے ساتھ مل کر پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے انتھیک کام کریں گے ۔