سرینگر//ڈیزاسٹر منیجمنٹ اورامداد وباز آبادکاری کے وزیر جاوید مصطفیٰ میر نے آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے ۔ آفیسران کی ایک اعلیٰ سطحی کی میٹنگ میں وزیر موصوف نے تحصیل سطح پر ضلع انتظامیہ ،ایس ڈی ایم اے اور ایس ڈی آر ایف کے تعائونس ے سکولوں اور کالجوں میں آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے کیپسٹی بلڈنگ اورجانکاری پروگرام کا انعقاد کرنے پر زوردیا۔جاوید مصطفیٰ میر نے چیف انجینئر اری گیشن وفلڈ کنٹرول کو دریائے جہلم کے دونوں کناروں پر سے درختوں سمیت ہر قسم کی رکائوٹوں کو ہٹانے اور دریامیں غیر قانونی طور ریت نکالنے اوربڑی مشینوں کے استعمال پر فوری طور پر روک لگانے کی ہدایت دی۔وزیر موصوف نے دریاکے کناروں پر شگاف اورکناروں کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے اریگیشن وفلڈ کنٹرول محکمے کو ڈریجنگ کے کام کی حصولیابی کے بارے میں جانکاری دینے پر زوردیاتاکہ دریا میں پانی کی گنجائش کو بڑھایا جاسکے۔وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کے آفیسران کو وسائل کے بارے میں ایک خاکہ تیار کرنے اور اس سلسلے میں متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو جانکاری دینے کی ہدایت دی تاکہ ان وسائل کو آفات سماوی کے دوران استعمال میں لایاجاسکے۔انہوںنے محکمہ میکنیکل انجینئرینگ،سرینگر میونسپل کارپوریشن اورفائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو دستیاب مشینوں،بشمول بر ف ہٹانے کا کام کی مشینوں کے بارے میں جانکاری دینے کی ہدایت دی جنہیں پانی کے اخراج کے لئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔وزیر موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنروں پر تمام سرکاری عمارتوں کے لئے فائر اینڈ سیفٹی آڈٹ کرنے کے علاوہ سرکاری اور نجی عمارتوں کو نیشنل بلڈنگ کو ڈ پر عملد ر آمد کرنے کا پابند بنانے کی ہدایت دی۔