سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرکردہ شیعہ عالم الدین، و سماجی شخصیت اور انجمن شرعی شیعان کے صدر الحاج مرحوم آغا سید محمد فضل اللہ کے گھر جاکر اُن کی ایصال ثواب کی مجلس میں شرکت کرکے اہل خانہ خصوصاً مرحوم کے برادران اور فرزندان کے ساتھ تعزیت پرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔ اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اجتماع سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا سید محمد فضل اللہ اتحاد بین المسلمین کا نظریہ رکھتے تھے اور امت مسلمہ کو درپیش تمام مسائل و مشکلات کا حل مسلم یکتا کو مانتے تھے۔موصوف نے تبلیغ دین کے سلسلے میں ناقابل فراموش کام کیا اور اپنی زندگی کی آخری سانس تک دین کی آبیاری کی۔ انہوں نے کہا کہ موصوف زندگی کے ہر شعبے میں شریعت اسلامی کی بالادستی کے متمنی تھے اور یہی ان کے اسلاف کا مشن تھا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ آغا فضل اللہ نے شیعہ سنی اتحاد کیلئے جو کام کیا وہ ناقابل فراموش ہے او ان کی رحلت سے ہم ایک مخلص، بے باک خطیب اور عالم دین سے محروم ہوگئے ہیں۔