سرینگر//مسلم لیگ نے سینٹرل جیل سرینگر میں دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی کی بگڑتی صحت کے باوجود انہیں مقید رکھنے اور علاج و معالجہ کے معاملے میں لاپرواہی برتنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام گیری کی بدترین مثال قرار دیا ہے ۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا کہ دلی سے لے کر سرینگر تک تمام اس بات سے واقف ہیں کہ آسیہ اندرابی کئی جسمانی مسائل سے دوچار ہیں اور اگر انہیں ضروری علاج و معالجہ اور صاف ستھرا ماحول میسر نہ ہواتو اُن کی زندگی کبھی بھی شدید خطرے کی زد میں آسکتی ہے مگر اس کے باوجود بھی ایک منصوبہ بندسازش کے تحت وہ سنٹرل جیل میں مقید ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انہیں گھٹ گھٹ کر صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے جیل انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر آسیہ کو کوئی گزند پہنچی تو اس کی تمام تر ذمہ داری جیل انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔ سجاد ایوبی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، حقوق النسواں کے اداروں اور جموں کشمیر کی دینی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آسیہ انداربی اور فہمیدہ صوفی کی جلد از جلد رہائی کے حوالہ سے ٹھوس اقدامات کریں ۔