سرینگر//دختران ملت نے تنظیم کی صدر آسیہ اندرابی کی دوران قید طبیعت کے شدید بگڑنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگرمحبوس لیڈر کو کوئی بھی گزند پہنچی تو اس کی راست ذمہ داری ان پر ہی عائد ہوگی۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ آسیہ اندرابی اور صوفی فہمیدہ کے اہل خانہ کے مطابق جب وہ آج ان سے ملنے کیلئے گئے تو انہیں پتہ چلا کہ آسیہ باجی کو استھما کا دورہ پڑا اور جیل انتظامیہ کی طرف سے انہیں کوئی طبی امداد بھی میسر نہ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ باجی کی طبعیت بگڑنے کی بنیادی وجہ جیل میں صاف صفائی کا انتظام نہ ہونا ہے اور طبی سہولیات میسر نہ ہونے کی بنا پر ان کی صحت بہت بگڑ گئی ہے۔ موصوفہ کے سینے میں بلغم جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ سانس بھی نہیں لے پارہی۔وہ کئی راتوں سے سو بھی نہیں پائیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی طبیعت بگڑتی جارہی ہیں کیونکہ انہیں 18 مئی سے کوئی طبی امداد بھی فراہم نہیں۔نسرین نے کہا کہ یہ سیاسی عناد کی بنا پر کیا جارہا ہے ۔