یو این ایس
سرینگر //گزشتہ ہفتہ کشمیر کی سیب کی معیشت کیلئے ہنگامہ خیز رہا، جس میں ضرورت سے زیادہ سپلائی، گرتی قیمتوں اور ٹریفک کی رکاوٹوں نے ملک کی منڈیوں میں تجارت کو متاثر کیا۔ تاہم ہفتے کے روز دہلی کی آزاد پور فروٹ منڈی جسے ایشیا کی سب سے بڑی ہول سیل فروٹ منڈی ہونے کا درجہ حاصل ہے ، میں سیب کے ٹرکوں کی نقل و حمل کو کنٹرول کرنے کیلئے ریگولیٹری اقدامات کے نفاذ کے بعد بہتری کے آثار نظر آئے۔یہ اہم موڑ کشمیر ایپل مرچنٹس ایسوسی ایشن آزاد پور کے اعلان کے بعد آیا کہ کشمیری سیب کے تمام ٹرکوں کو گیٹ پاس جاری کرنے کیلئے دہلی سے تقریباً 30 کلومیٹر دور تکری کھمپور چیک پوسٹ پر روک دیا جائے گا۔ اس کے بعد صرف ٹرکوں کے کھیپ کو آزاد پور میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ نیو کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن سرینگر کو لکھے گئے ایک خط میں ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ بغیر گیٹ پاس کے براہ راست منڈی پہنچنے والے کسی بھی ٹرک کو واپس بھیج دیا جائے گا۔