جموں//راجیہ سبھامیں حزب اختلاف کے قائداورسابق وزیراعلیٰ جموں وکشمیر غلام نبی آزادجموں واردہوئے اوریہاں سنجواں میں ہوئے فدائین حملے کے زخمیوں کی عیادت کی۔آزادنے زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔بعدازاں آزاد نے ڈاکٹروں کیساتھ بھی بات کی اور ان کے علاج ومعالجہ کیلئے دستیاب کرائی جارہی طبی سہولیات بارے جانکاری حاصل کی۔ آزادنے بھی انہیں ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پران کے ہمراہ سینئر کانگریس رہنما شام لال شرما، نوانگ رگزن جورا، غلام محمد سروڑی بھی تھے۔آزاد نے اس فدائین حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے انتہائی بزدلانہ اندازمیں نہتے بچوں وخواتین کوبھی نشانہ بنایا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔سینئرکانگریس لیڈران نے کہاکہ اس حملے کی ہم سب کوسیاست سے اوپر اٹھ کرمذمت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملوں سے دہشت گرد اور ملک دشمن اپنے ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔