جموں// تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے محکمہ کے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ وقت کو بچانے اور مقررہ ٹائم لائین کے اندر اندر پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے پُلوں کی ڈیزائنگ محکمانہ طور پر انجام دیں۔وزیر موصوف کل یہاں محکمہ کے افسروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔کمیشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ سنجیو ورما، چیف انجنیئر تعمیرات عامہ جموں سدھیر شاہ، چیف انجنئیر کشمیر شیخ حمید اور دیگر سنیئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ محکمہ اپنے قابلِ اور با صلاحیت انجنئیروں کی خدمات حاصل کر کے ڈیزائننگ کا کام انجام دے۔محکمہ کے ریسورس منیجمنٹ کا بہتر استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تکنیکی مہارت کو بڑھانے کے سلسلے میں ایک ٹیکنیکل سیل قائم کریں اور ڈیزائین بنانے کے عمل میں آسانی پیدا کریں۔انہوں نے چیف انجنئیر سے کہا کہ وہ باصلاحیت انجنئیروں کے لئے باقاعدہ طریقے پر ورکشاپ اور ریفریشر کورسوں کا اہتمام کریں۔وزیر نے مزید کہا کہ محکمہ کو سڑکوں کی دیکھ ریکھ کو روزانہ بنیادوں پر یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں سیلف ہیلپ گرؤپوں کے ذریعے بے روز گار انجنئیروں کی خدمات حاصل کرنے کے لئے ایک منصوبہ تیار کریں۔انہوں نے محکمہ سے کہا کہ دور دراز علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر میں تیزی لانے کے لئے موبائل مکس پلانٹ قائم کریں اور لوگوں کے لئے بہتر سڑک رابطے تعمیر کریں۔