عظمیٰ نیوزسروس
جموں// آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ایک پاکستانی دراندازی کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس واقعہ پر پڑوسی ملک کے ساتھ احتجاج کیا جا رہا ہے ۔یہ واقعہ آکٹرائی چوکی پر پیش آیا۔بی ایس ایف نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کی تحصیل بھلوال کے گاؤں 27-چک سے تعلق رکھنے والے درانداز سراج خان کو اتوار کی رات 9.10بجے سچیت گڑھ تحصیل میں سرحد پار کرتے ہوئے اور جارحانہ انداز میں سرحدی باڑ کے قریب آتے ہوئے دیکھا گیا۔گھسنے والے کو الرٹ فوجیوں نے خبردار کیا تھا لیکن اس نے کوئی دھیان نہیں دیا۔ اس میں کہا گیا کہ خطرے کو محسوس کرتے ہوئے، فوجیوں نے اس پر فائرنگ کی اور بعد میں اسے حراست میں لے لیا۔بی ایس ایف کے مطابق دراندازی کے قبضے سے 20اور 10روپے کے دو پاکستانی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے جنہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔بی ایس ایف نے کہا’’(پاکستانی) ہم منصبوں کے ساتھ احتجاج درج کروایا جا رہا ہے‘‘۔