آرمی چیف سرینگر میں،لیفٹیننٹ گورنرسے ملاقی اسمبلی انتخابات سے قبل سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینگے

 عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر//اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے درمیان، آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی جمعرات کو جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے سری نگر پہنچے۔دفاعی حکام نے بتایا’’فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سری نگر میں ہیں۔ سیکورٹی فورسز اور فارمیشن کمانڈر انہیں وہاں کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیں گے‘‘۔

 

آرمی چیف جودھ پور سے سیدھا مرکز کے زیر انتظام علاقے کے دارالحکومت پہنچے جہاں وہ ترنگ شکتی مشق میں شرکت کر رہے تھے۔جنرل دویدی نے راج بھون میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار، جی اوسی شمالی کمان اور لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، جی او سی 15کور بھی موجود تھے۔بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ میں الیکشن سے قبل سیکورٹی صورتحال زیر بحث آئی ۔جموں و کشمیر میں ووٹنگ تین مرحلوں میں ہوگی اوریہ 18، 25ستمبر اور یکم اکتوبرہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔ یوٹی میں گزشتہ 10 برسوںمیں پہلی بار اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور یہ 2019میں آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد ہونے والے پہلے اسمبلی انتخابات بھی ہوں گے۔فوج کوئی موقع نہیں لے رہی ہے اور اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں انتخابات کے بعد ہی کمانڈ میں تبدیلی کا منصوبہ بنایا ہے۔ موجودہ کور کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سریواستو کی جگہ لیں گے۔