یواین آئی
نئی دہلی// عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ انتخابی نتائج کی فکر کیے بغیر ہمارے تعلقات کی بنیاد مضبوط رہے گی اور ہم ملک کے لیے کام کریں گے۔شیوسینا قائدین آدتیہ ٹھاکرے، سنجے راوت، پرینکا چترویدی، اروند ساونت اور ادھو بالاصاحب ٹھاکرے شیوسینا دھڑے کے سبھی لیڈروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سنگھ نے آج کہا، ’’یہ بہت اچھی بات ہے کہ انتخابی نتائج کی فکر کیے بغیر ہمارے تعلقات کی بنیاد مضبوط رہے گی۔ ہم اس رشتے کی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ ملک کے لیے کام کریں گے۔ ہم عوام کے فیصلے اور انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی بنیاد پر مستقبل کی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔‘‘ ٹھاکرے نے آج اے اے پی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ دہلی انتخابات میں بی جے پی کو الیکشن کمیشن کا آشیرواد تھا۔ بی جے پی کو الیکشن کمیشن کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ گزشتہ 10 برسوں میں کیجریوال نے بہت اچھا کام کیا ہے اور دہلی کے لوگ یہ اچھی طرح جانتے ہیں۔ آج ملک میں انتخابات آزادانہ اور منصفانہ نہیں ہو رہے ہیں اس لیے انڈیا گروپ کے لیے اپنے اگلے قدم کے بارے میں سوچنا ضروری ہو گیا ہے۔ اس موقع پر شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راوت، پرینکا چترویدی، اروند ساونت اور سنجے دینا پاٹل بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ بدھ کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے ان کی بات ہوئی اور آج کیجریوال سے بات ہوئی کہ انڈیا گروپ اور تمام پارٹیوں کو اب مل کر اپنے اگلے قدم کے بارے میں سوچنا چاہئے کیونکہ ہمارے انتخابات اب آزاد اور منصفانہ نہیں رہ گئے ہیں۔ ہم ملکی مفاد میں لڑتے رہیں گے۔ ہم عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ملک کی بھلائی کے لیے اگر سڑک پر اترکر بھی لڑنا پڑے، ہم لڑتے رہیں گے۔