سرینگر //پی ڈی پی کا ایک خصوصی اجلاس آج یہاں طلب کرلیا گیا ہے۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب ضلع کٹھوعہ میں جنوری کے اوائل میں پیش آئے دل دہلانے والے آٹھ سالہ کمسن بچی کے عصمت دری اور قتل واقعہ کو لیکر ملک بھر میں سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے جبکہ وادی میں مسلح تصادموں کے دوران شہری ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ ہڑتالوں اور احتجاجی مظاہروں کا موجب بن رہا ہے۔ ہفتہ کو دوپہر کے وقت شروع ہونے والے اس اجلاس میں پارٹی کے سبھی سینئر لیڈران بشمول وزراء، ممبران اسمبلی و کونسل اور پارٹی عہدیداروں کو شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ ریاست میں یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو کہ پی ڈی پی کی صدر بھی ہیں، نے اپنی اتحادی جماعت بی جے پی سے دو بھاجپا وزراء جنہوں نے گذشتہ ماہ کٹھوعہ میں ہندو ایکتا منچ کی ریلی میں شرکت کی، کو وزارتی کونسل سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ڈی پی ترجمان اعلیٰ رفیع احمد میر نے بتایا کہ ہفتہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں ریاست کو درپیش موجودہ سیاسی اور انتظامی مسائل پر بحث ہوگی۔ انہوں نے بتایا ’ اجلاس میں پارٹی کے سینئر لیڈران شرکت کریں گے۔ وقت وقت پر ہم پارٹی کا اجلاس بلاتے ہیں۔ اس میں ریاست کو درپیش موجودہ سیاسی اور انتظامی مسائل پر بحث ہوگی۔ اس کے علاوہ لوگوں کو درپیش مشکلات اور پارٹی کے امور پر بھی بحث ہوگی۔ چونکہ اس اجلاس میں تمام سینئر لیڈران موجود ہوں گے، اس میں کچھ اہم مسائل اور جموں میں پیدا ہوئے مسائل پر بھی بحث ہوسکتی ہے‘۔ انہوں نے کہا ’ہم کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال کو لیکر فکر مند اور پریشان ہیں‘۔ دو بھاجپا وزراء کی برطرفی کے مطالبے سے متعلق افواہوں کے بارے میں پوچھے جانے پر رفیع احمد نے بتایا ’بی جے پی وزراء کی برطرفی کی آوازیں تو اٹھ رہی ہیںلیکن اس کا فیصلہ بی جے پی کو لینا ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی اجلاس میں کٹھوعہ سمیت تمام حالیہ واقعات پر بات چیت ہوسکتی ہے۔