سری نگر// شہر میں آتشزدگی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں، ڈپٹی کمشنر سری نگر، محمد اعزاز اسد نے کل مارکیٹ ایسوسی ایشنوں، ٹریڈ باڈیز، ہاؤس بوٹ ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقین ور متعلقہ محکموںکے افسران کے ساتھ بات چیت کی ۔اجلاس میں سیفٹی آڈٹ کے انعقاد اور شہر میں آتشزدگی کے واقعات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے شہر بھر کے ہر رہائشی،تجارتی ڈھانچے، شاپنگ مالز، مذہبی مقامات بشمول مساجد، مندروں، گوردواروں، گرجا گھروں میں آگ بجھانے کے آلات کی تنصیب پر زور دیا تاکہ املاک اور قیمتی اشیاء کو آگ سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے تمام سرکاری دفاتر اور تمام ضروری تنصیبات کو فائر فائٹنگ مشینری سے لیس کرنے پر بھی زور دیا تاکہ سرکاری ریکارڈ کی حفاظت کے علاوہ ضروری سامان میں خلل پڑنے سے بچا جا سکے۔