آئی سی ڈی ایس کے سپر وائزرس اور ہلپرس کا سری نگر میں احتجاج

سری نگر//آئی سی ڈی ایس کے سپر وائزرس اور ہلپرس نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر ایک بار پھر اپنے مطالبات خاص کر تنخواہوں کی واگذاری اور نوکریوں کی بحالی کو لے کر احتجاج درج کیا۔
 
احتجاجی خواتین اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہی تھیں اور وہ اپنے ساتھ روٹیاں بھی لائی تھیں۔
 
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہم گذشتہ تین برسوں سے اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکام ہماری آواز سن نہیں رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا: ’عدالت کی طرف سے ہماری تنخواہوں کی واگذاری کا حکمنامہ بھی آیا لیکن یہ حکمنامہ آتے ہی ہمیں نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا‘۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم تین برسوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ہمیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
 
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ محکمہ ہلپرس کی نئے پوسٹس نکال رہے ہیں ہماری مانگ ہے کہ ہمیں ہی اس میں ایڈجسٹ کیا جائے۔
 
انہوں نے کہا: ’ہم بھوکے ہیں، ہمارے بچے اور والدین بھوکے ہیں اسی لئے ہم نے آج یہاں روٹیاں ساتھ لائی ہیں‘۔
 
احتجاجیوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور ان کے مشیر فاروق خان سے ان کے مسئلے کو حل کرنے کی اپیل کی۔