فیض آباد// اتر پردیش میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تعلق رکھنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کی یہ کارروائی اے ٹی ایس، ملیٹری انٹلی جنس اور یوپی انٹیلی جنس کی مشترکہ ٹیم نے بدھ کو فیض آباد میں انجام دی۔ علاوہ ازیں ایک اور شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ اے ٹی ایس نے دعوی کیا ہے کہ گرفتار شخص نے پاکستان کی آئی ایس آئی سے ٹریننگ لی ہے اور اس کے خلاف پختہ ثبوت بھی موجود ہیں۔ معاملے کی جانچ جاری ہے،اور آئندہ مزید گرفتاریاں بھی ہو سکتی ہیں۔اطلاعات کے مطابق ٹیم نے بدھ کو فیض آباد کے خاص پورہ کے رہنے والے آفتاب علی کو گرفتار کیا۔ ڈی ایس پی راجیش ساہنی کی قیادت میں یوپی اے ٹی ایس، ملیٹری انٹلی جنس اور یوپی انٹلی جنس کی مشترکہ ٹیموں نے مل کر آفتاب کو گرفتار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ابھی مزید گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔پاکستان ہائی کمیشن کے افسر سے بھی آفتاب کے رابطے ہونے کا دعوی کیا جارہا ہے۔ آئی جی اے ٹی ایس اسیم ارون کے مطابق اس کے خلاف اے ٹی ایس کے پاس پختہ ثبوت ہیں۔ ٹیم نے اس کے پاس سے برا?مد فون سے کینٹ کے علاقہ کی تصاویر بھی برآمد کی ہیں۔ فون کی جانچ کرائی جا رہی ہے، جس میں چیٹ وغیرہ سے اے ٹی ایس کو اہم معلومات اور ثبوت ملنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔