راجوری //پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے تاجروں کی ہڑتال کے باعث آر پار تجارت معطل رہی اور جمعہ کے روز پونچھ راولاکوٹ سے کوئی بھی مال بردار گاڑی آر پار نہیں ہوئی ۔ذرائع نے بتایاکہ پونچھ سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر جانے والے مال بردار ٹرک ٹریڈ سنٹر چکاں داباغ تیار کھڑے رہے تاہم دوسری طرف سے انہیں گرین سگنل نہیں ملا جس کی وجہ سے تجارت نہیں ہوپائی ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ تجارت کی معطلی پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے تاجروں کی ہڑتال کی وجہ سے ہوئی جو اشیاء پر ٹیکس میں اضافے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔کسٹوڈین آر پار تجارت محمد کفیل نے تجارت کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ جمعہ کے روزدوسری طرف کے تاجروں کی ہڑتال کی وجہ سے تجار ت نہیں ہوپائی ۔واضح رہے کہ پونچھ اور راولاکوٹ کے راستے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سلسلہ 2006میں شروع ہواجسے اعتماد سازی کے ایک بڑے اقدام کے طور پر دیکھاجارہاہے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ تجارتی عمل توسیع کے بجائے سکڑتاگیا اور آج چند اشیاء کا ہی لین دین ہورہاہے ۔