نئی دہلی //ملک بھر کے نوجوان اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کر رہے ہیں۔ بہار، اتر پردیش، اتراکھنڈ سے لے کر راجدھانی دہلی تک کے نوجوان سڑک پر نکل کر اس منصوبہ کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ دہلی میں جمعرات کو نوجوانوں نے ریلوے بھرتی امتحان میں تاخیر اور نئی شروع کی گئی اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کی۔ ان لوگوں نے بعد میں ایک ٹرین کو بھی روک دیا۔ اترپردیش میں نوجوانوں نے بلند شہر، گونڈہ، گورکھپور، علی گڑھ، اناؤ،ہاتھرس، فیروزآباد اورآگرہ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے فوج میں تقرری کے پرانے طریقہ کار کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔بلند شہر میں فوج کی تیاری کرنے والے نوجوانوں نے مرکزی حکومت کی اس نئی اسکیم کے خلاف بھور کراسنگ اور کھرجا بس اسٹینڈ پر احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے قومی پرچم کو لہرایا۔آگرہ میں حکومت کی اس اسکیم سے مشتعل نوجوانوں نے متعدد مقامات پر احتجاج کیا اور باہ میں بس کو نقصان پہنچایا۔ مظاہرین نے آگرہ۔لکھنواپکسپریس وے کو بھی بلا ک کردیا۔ مظاہرین نے ایم جی روڈ کو بھی بلاک کر دیا جس سے ٹریفک جام ہو گیا۔بہار کے سارن ، گوپال گنج ، جہان آباد، نوادہ ، گیا ، آرہ ، بکسر ، مونگیر اور سہرسہ سمیت کئی اضلاع میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کی ۔مظاہرین سڑک سے لیکر ریلوے ٹریک پر پرتشدد مظاہرہ کررہے ہیں۔ٹرینوں کی آمدورفت سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ۔ آرہ جنکشن ریلوے اسٹیشن اور آس پاس پر تشدد مظاہرہ کر رہے مظاہرین کو کھدیڑنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے ہیں۔ نوادہ کے اتووا میں واقع بی جے پی کے دفتر میں آگ لگا دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہزاروں مشتعل مظاہرین نے بی جے پی کے دفتر کو آگ لگا دی ہے۔ بی جے پی کے دفتر کی دونوں منزلوں کو آگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ گوپال گنج میں امیدواروں نے سدھولیا میں گورکھپور ۔ پاٹلی پتر ایکسپریس ٹرین کو آگ کے حوالے کر دیا۔ٹرین کے کئی ڈبے پوری طرح سے جل کر خاک ہوگئے ۔ اسی طرح امیدواروںنے چھپرہ میں بھی ٹرینوں میں آگ لگا دی ۔ہماچل پردیش کے ہمیر پور میں نوجوانوں نے جمعرات کو فوج میں کنٹریکٹ پر بھرتی کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش بھی کی لیکن پولیس نے انہیں ایسا کرنے نہیں دیا۔ اس کے بعد مظاہرین نے مرکزی بازار سے ایک اور جلوس نکالا۔ کانگریس کے ضلعی صدر راجندر زار نے اس موقع پر کہا کہ یہ اسکیم نوجوان مخالف ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہئے ۔گروگرام نوجوانوں نے بلاس پور چوک میں نیشنل ہائی وے -48 پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک جام کر دیا۔ ہزاروں نوجوان مظاہرین نے قومی شاہراہ پر جمع ہو کر ٹریفک بلاک کر دیا۔ ہجوم کو دیکھ کر محکمہ پولیس بھی کوئی قدم اٹھانے سے کتراتی رہی اور کئی کلومیٹر طویل گاڑیوں کا قافلہ ہائی وے پر جمع ہو گیا۔ہریانہ حکومت نے جمعرات کو پلول ضلع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔(یو این ائی)