نئی دہلی//یو این آئی// تینوں افواج میں جوانوں کی بھرتی کے لیے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک گیر احتجاج کے درمیان فوج نے کل اس اسکیم کے تحت اگنی پتھ کی بھرتی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔یہ نوٹیفکیشن پیر کو فوج کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے اور اس میں اگنی ویروں کی بھرتی سے متعلق سروس شرائط اور بھرتی ریلیوں کے بارے میں معلومات دی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل ڈیوٹی، ٹیکنیکل، کلرک، اسٹور کیپر اور ٹریڈ مین وغیرہ کی بھرتی کا عمل جولائی سے شروع ہو گا۔ آرمی اگست کے پہلے پندرہ دن میں اگنی ویروں کی بھرتی کے لیے پہلی بھرتی ریلی منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس کے بعد امیدواروں کے جسمانی اور میڈیکل ٹیسٹ کے بعد تحریری ٹیسٹ لیا جائے گا۔ فوج میں اگنی ویروں کی بھرتی دو مرحلوں میں کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں اگلے سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں 25000 اگنی ویروں کو بھرتی کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں اگلے سال 23 فروری تک 21000 اگنی ویروں کو بھرتی کیا جائے گا۔ بحریہ اور فضائیہ کی جانب سے اگنی ویروں کی بھرتی کا نوٹیفکیشن بھی اسی ہفتے جاری کیا جائے گا۔
اَگنی پتھ بھرتی اسکیم کا نوٹیفکیشن جاری
