عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سابق ممبر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اَتھارٹی (این ڈِی ایم اے) اور مرکزی وزارتِ ارضیاتی سائنس کے سابق سیکرٹری پروفیسر ہرش کے گپتا نے کل وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے عوامی رسائی دفتر’رابطہ‘ میں ملاقات کی تاکہ جموں و کشمیر میں زلزلہ سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور آفات سماوی کے لئے تیاری پر غور و خوض کیا جاسکے۔پروفیسر گپتا نے اَپنی تفصیلی پرزنٹیشن میں کشمیر جو کہ ہمالیائی زلزلہ خیز پٹی میں واقع ہے وہاںزلزلے سے بچنے والے بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔اُنہوں نے شمال مشرقی ہمالیائی خطے میں درمیانی مدت کے زلزلے کی کامیاب پیش گوئی کی مثال دیتے ہوئے کشمیر میں بھی اِسی طرح کے مطالعات کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے متعدد تجاویز پیش کیں جن میں ’زلزلہ سیفٹی ڈے‘ منانا، سکول کے طلباء کو زلزلہ سے بچاؤ کی تربیت دینا، ماضی کے بڑے زلزلوں کے منظرنامے تیار کرنا، میگا موک ڈرلز کا اِنعقاد، زلزلے سے محفوظ تعمیراتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کرنا اور ہمالیہ پٹی میں زلزلہ سے قبل وارننگ سسٹم کی تنصیب شامل ہیں۔