بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے اوڑی میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک منشیات سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ نے فوج کے ایک افسر اور ڈی ایس پی ہیڈکواٹر سید سجاد بخاری کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اوڑی سیکٹر میں تعینات فوج نے 2 اکتوبر کو لائن آف کنڑول کے نزدیک مشکوک حرکت دیکھ لی جس کے بعد علاقے میں تلاشی کے دوران دومشتبہ تھیلے برآمد کئے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ ان تھیلوں میں تقریباً پچیس سے تیس کلو گرام ہیروئن کے کئی پیکٹ پائے گئے جن کی قیمت بلیک مارکیٹ میں بیس سے پچیس کروڑ روپئے بتایا جاتا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ یہ تھیلے دراصل سرحد با ر سے یہاں لائے گئے تھے جس کا مقصد جموں کشمیر میں جنگجویت کو مدد فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات کی اس کھیپ کو متعلقہ پولیس کے حوالے کرنے کے بعد قانونی کارروائی شروع کی گئی ۔ اس اسلسلے میں اوڑی تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 101کے تحت کیس درج کیا گیا ۔