اوڑی// سرینگر مظفر آباد روڑ پر واقع کالگی چڑی میدان نامی بستی میں دوسرے روز جھڑپ کے دوران ایک اور جنگجو مارا گیا۔اس طرح یہاں چار جنگجو مارے گئے۔فوج نے تین جنگجوئوں کی لاشوں کو پولیس کے حوالے کیا جنہیں ٹی وی ٹاور کے نزدیک عدم شناخت جنگجوئوں کے قبرستان میں شام دیر گئے سپرد خاک کیا گیا۔ ڈپٹی کمانڈنگ آفیسر 12 انفٹری بریگیڈ اوڑی ہرمیت سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوموار کو ایک اور جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جنگجو اوڑی میں فوج کے کیمپ پر ایک بڑا حملہ کرنے والے تھے جسے فوج نے ناکام بنا دیا۔انہوں بتایا کہ اتور کو انہوں نے جھڑپ کے دوران تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا تھا اور سوموار کی صبح فوج کو کالگی علاقے میں ایک اور جنگجوکی موجود گی کا علم ہوا جس کے بعد علاقے کو دوبارہ محاصرے میںلیکرمذکورہ جنگجو کو مارا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جنگجوئوں کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔فوج نے مارے گئے جنگجوئوں کی لاشیں پولیس کے حولے کیں جن کا سب ضلع ہسپتال اوڑی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔اس دوران سب ضلع ہسپتال اوڑی میں اس وقت افرا تفری مچ گئی جب پولیس نے کالگی اوڑی میں مارے گئے جنگجوئوں کی لاشیں ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لئے لائیں۔جوں ہی ہسپتال کا عملہ لاشوںکا پوسٹ مارٹم کی تیاری کرر ہا تھا تو عملے کی نظر جنگجوئوںکے کپڑوں سے لگے چار ہینڈ گرینیڈوں پر پڑی ۔ اسپتال کا عملہ فرار ہوا جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے انہیں اپنی تحویل میں لیا۔