فیاض بخاری
بارہمولہ //بارہمولہ میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کاروائی جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو سرحدی قصبہ اوڑی میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش محمد زاہد احمد شاہ گیلانی ولد پیر حسین شاہ ساکنہ بسگراں اوڑی کی جائیدادیں (دو منزلہ رہائشی مکان جس کی مالیت تقریباً 24.00 لاکھ روپے) ضبط کی ہے۔
پولیس کی طرف سے کی گئی تفتیش کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد کے طور پر ہوئی ،جومنشیات فروش کے ذریعہ منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی۔ ایک اور کاروائی کے دوران ایس ایچ او پولیس تھانہ بونیار کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے برنیٹ لنک روڈ پر لگائے گئے ناکہ کے دوران دو افراد کو روکا جنہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں بڑی تدبیر سے گرفتار کر لیا گیا، جن کی شناخت محمد رفیق شیخ ولد محمد سبحان اور بشیر احمد گنائی ولد محمد سلیم ساکنان برنیٹ بونیار کے طور پر ہوئی۔ ان کی تلاشی کے دوران48 گرام ممنوعہ چرس جیسے مادہ اور 4600روپے نقدی برآمدہوئی انہیں گرفتار کر کے تھانہ بونیار منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس نے یکم جنووری سے اب تک NDPS ایکٹ کے تحت 40 سے زیادہ مقدمات درج کیے ہیں، 64 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جن میں 7 سخت گیر منشیات فروش شامل ہیں جنہیں پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کے تین رہائشی مکان، ایک شاپنگ کمپلیکس ، دو آئی 20گاڑیاں اور ایک سکوٹی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ان کے مطابق بارہ مولہ پولیس نے جنوری اور فروری مہینوں میں 1.1کروڑ روپیہ مالیت کی جائیدادوں کو بھی قرق کیا۔پولیس نے اس مدت کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے 35.2لاکھ روپیہ مالیت کی ممنوع نشیلی اشیاء بھی برآمد کرکے ضبط کی ہے۔ دریں اثناء کولگام میں پولیس نے کل ایک منشیات فروش کی جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کرلیا۔پولیس کے بیان کے مطابق، ہرگام محلہ نیپورہ میربازار میں 916.75 مربع فٹ کی جائیداد NDPS ایکٹ 1985 کے سیکشن 68-F (2) کے بدنام زمانہ منشیات فروش نثار احمد کھانڈے ولد بشیر احمد کھانڈے ساکنہ نیپورہ قاضی گنڈ کی جائیداد منسلک ہے۔ پولیس کی طرف سے کی گئی تحقیقات کے دوران جائیداد کو غیر قانونی طور پر حاصل کیا گیا تھا۔