بھونیشور//بھارت کی مشرقی ساحلی ریاست اوڈیشہ (اڑیسہ) کے شہر بھدرک میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان پر تشدد واقعات کی اطلاعات ہیں اور شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ریاستی دارالحکومت بھونیشور سے صحافی سندیپ ساہو نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ہندوؤں کے دیوی دیوتا رام اور سیتا کے بارے میں مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرے کے بعد بھدرک میں جمعرات سے شروع ہونے والا فرقہ وارانہ تشدد اب بھی جاری ہے۔بھدرک کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دلیپ کمار داس نے بتایا ہے کہ پولیس نے پر تشدد واقعات میں شامل 35 افراد کو گرفتار کیا ہے اور صورت حال کو کنٹرول کرنے کی کوشش جاری ہے۔تشدد اور آتشزدگی میں ابھی تک کسی کی جان نہیں گئی ہے تاہم جگہ جگہ مارپیٹ اور املاک کو نذر آتش کرنے کے واقعات جاری ہیں۔بہت سے مکانوں اور دکانوں کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 35 پلاٹون پولیس فورسز تعینات کی گئی ہیں۔حساس علاقوں میں مسلح پولیس کے دستے گشت لگا رہے ہیں۔ جمعے کی شام سے جاری کرفیو کو سنیچر چھ بجے تک کر دیا گیا ہے۔کشیدہ صورت حال کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ سیکریٹری داخلہ اسیت ترپاٹھی بھی بھدرک میں موجود ہیں۔بھدرک سے کے بی سنگھ نے بتایا: ’اکا دکا لوٹ مار کے واقعات ہو رہے ہیں، لیکن کہیں سے بھی دو فرقوں کے درمیان اجتماعی لڑائی کی کوئی خبر نہیں ہے۔‘بھدرک میں 31 مارچ سے ضلع میجسٹریٹ کا عہدہ خالی تھا، جس پر جمعہ کو کٹک میونسپل کارپوریشن کے کمشنر گیان رنجن داس کو فوری طور پر مقرر کر دیا گیا۔ریاست کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے انھیں فوری طور پر ذمہ داری سنبھالنے کا حکم دیا اور وہ جمعہ کی رات بھدرک پہنچ کر اپنی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک سمیت کئی اہم افراد نے عوام سے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی ریاستی دارالحکومت بھونیشور میں 15 اور 16 اپریل کو کانفرنس ہونے والی ہے۔کہا جا رہا ہے کہ اسی اجلاس میں سنہ 2019 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت کا خاکہ تیار کیا جائے گا۔اور اسی ضمن میں بعض لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھدرک کا واقعہ ریاست میں فرقہ وارانہ درجہ حرارت کو بڑھا سکتا ہے اور اس سے آنے والے وقت میں پولرائزیشن تیز ہو سکتا ہے اور یہ بات بی جے پی کی انتخابی مہم کے حق میں جائے گی۔اڑیسہ میں فسادات یا فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کم ہی ہوتے ہیں کیونکہ وہاں مسلمانوں کی آبادی بہت کم ہے اور مخلوط آبادی والے علاقے بھی بہت کم ہیں لیکن بھدرک اڑیسہ کے ان چند شہروں میں سے ایک ہے، جہاں مسلمانوں کی زیادہ تعداد ہے۔