اونتی پورہ//اونتی پورہ کے لیتہ پورہ ہٹی وارہ میں ایک مختصر جھڑپ کے دوران جیش محمدسے وابستہ ایک جنگجو جاں بحق ہوا ہے جبکہ جھڑپ میں ایک ایس او جی اہلکار معمولی زخمی ہوا ۔ اونتی پورہ سے چند کلومیٹر دور لیتہ پورہ کے نزدیک ہٹی وارہ گاوئں میں سو موار شام ساڑھے چھ بجے کے قریب 50 آر آر اور ایس او جی اونتی پورہ نے محاصرے کیا۔پولیس نے بتایا جب فورسز نے تلاشی کارروائی شروع کی تو اسی دوران غلام محی الدین ڈار نامی ایک شہری کے مکان کے نزدیک ایک جنگجو نے فائرنگ کی جس کے بعدطرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو مختصر وقفے کے لئے جا ری رہا ۔بعد میںپولیس نے جھڑپ کی جگہ سے جیش کمانڈر مفتی وقاس ساکن پاکستان کی لاش بر آمد کی۔پولیس نے بتایا کہ جھڑپ میں ایک ایس او جی اہلکار بھی معمولی طور زخمی ہوا ۔ فوج کے ترجمان نے شام دیر گئے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ مذکورہ جنگجو جموں کے سنجواں فوجی کیمپ فدائین حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا جس کی ہلاکت فوج کے لئے بڑی کامیابی ہے۔