عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اونتی پورہ میں ایک 70 سالہ شخص سڑک عبور کرتے ہوئے گاڑی کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گیا۔غلام رسول چوپان ساکن پدگام پورہ اونتی پورہ نامی 70سالہ راہ گیر اونتی پورہ میں سڑک پار کرتے وقت ایک ماروتی گاڑیکی زد میں آیا جس کے نتیجے میں اس کے سر میں شدید چوٹ آئی۔اس موقعہ پر موجود لوگوں اور پولیس نے اسے فوری طور پر ایس ڈی ایچ اونتی پورہ لیا جہاں سے اسے نازک حالت میں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگرریفر کیا گیا۔ تاہم وہ زخموں سے جانبر نہ ہو سکے۔بعد میں اس کی لاش اسکے گھر پہنچائی گئی اورپولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بارسو اونتی پورہ میں گذشتہ ہفتہ ہی ایک ہی دن میں یکے بعد دیگرے 2الگ الگ حادثوں میں ایک خاتون سمیت2راہ گیر لقمہ اجل بن گئے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارسو کے مقام پر آئے روز سڑک حادثات پیش آتے ہیں کیونکہ شاہراہ پر گاڑیوں کی رفتار تیز ہوتی ہے اور بارسو کے مقام پر سڑک پر کوئی رکاوٹ نہ ہونے کی وجہ سے یہاں آئے روز کوئی نہ کوئی حادثہ پیش آتا ہے اور قیمتی جانیں تلف ہورہی ہیں ۔لوگوں نے بارسو موڈ پر شاہراہ پر بیراکیٹ لگانے کی مانگ کی ہے تاکہ حادثات کو روکا جاسکے۔