پلوامہ +کپوارہ +اوڑی//اونتی پورہ ائر فورس سٹیشن کے متصل جنگجوئوں نے شام کے وقت فورسز پر رائفل گرینیڈ داغا جس کے باعث ایک سیکورٹی اہلکار مضروب ہوا۔ادھرکرناہ کے جبڑی سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے دوران ایک بی ایس ایف اہلکار ہلاک ہوا جبکہاوڑی میں ایل او سی پر فائرنگ کے پیش نظر دو دیہات میں انخلاء ہوا ہے۔اونتی پورہ میں ائر فورس سٹیشن کے بالکل قریب ملنگ پورہ میں قائم ائر پورٹ کو فراہم ہونے والے واٹر پمپ سٹیشن کی حفاظت پر تعینات فورسز اہلکاروں پر جنگجوئوں نے حملہ کردیا جس کے دوران نہ ان پر رائفل گرینیڈ داغا گیا جو فورسز کیمپ کے نزدیک زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس میں ایک حفاظتی اہلکار مضروب ہوا۔ تاہم اسکی شناخت نہیں ہوسکی۔اس مووقعہ پر طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ بھی ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔ اس کے بعد بڑی تعداد میں فوج نے ملنگ پورہ، سونر گنڈ، ٹوکنہ، گھاٹ ٹوکنہ اور دیگر چند بستیوں کو محاصرے میں لیا اور جنگجوئوں کی تلاش شروع کی۔ رات گئے تک یہاں تلاشی کارروائی جاری رہی۔فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ دو یا تین جنگجوئوں پر مشتمل گروپ نے گرینیڈ پھینکا اور فائرنگ کر کے بھاگ گئے۔ترجمان کے مطابق اس واقعہ میں ایک ڈیفنس سروس اہلکار زخمی ہوا۔انکا کہنا تھا ڈیفنس سروس اہلکار فوج کے ریٹائرڈ اہلکار ہوتے ہیں جو دفاعی تنصیبات کو حفاظت فراہم کرتے ہیں۔اس دوران پولیس کا کہنا ہے کہ کرناہ کے جبڑی علاقہ میں منگل کی شام دیر گئے پاک فوج نے سرحدی حفاظی فورس کی چوکی KP2کنی پوسٹ کے باہر ڈیوٹی پر مامور 124 بٹالیں سے وابستہ اہلکار ایس کے موڑ کو نشانہ بنایا اور پیٹ میں گولی لگنے کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا ۔اُسے سرینگر فوجی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ بھارتی فوج نے بھی اپنے دفاع میں گولیاں چلائیں اور آخری اطلاعات ملنے تک وقفے وقفے سے گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔ ایس ایس پی کپوارہ چودھری شمشیر نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ادھرلائن آف کنٹرول کے حاجی پیر سیکٹر اوڑی میں دونوں طرف کی بندوقیں خاموش ہوگئی ہیں۔ تاہم انتظامیہ نے احتیاطی طور پر تھجل اور سونی نامی دو دیہات کے لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا ہے۔ بارہمولہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) امتیاز حسین نے بتایا کہ حاجی پیر سیکٹر میں صورتحال معمول پر آگئی ہے اور طرفین کے مابین فائرنگ کا کوئی تازہ تبادلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا ’پیر کے روز پاکستانی فوج کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت3 عام شہری زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت تین لوگ زخمی ہوئے تھے جن کو علاج ومعالجہ کے بعد اسپتال سے فارغ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ پاکستان کی طرف سے اوڑی میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا پہلا واقعہ ہے۔