فیاض بخاری
بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ کے اولڈ ٹائون میں سنیچر کی دوپہر آگ کی ایک ہولناک وردات رونما ہوئی جس کے نتیجے میں چاررہائشی مکانات اوران میں موجود لاکھوں کی املاک خاکستر ہوگئی۔آگ بجھانے والی کم سے کم8گاڑیوںکواستعمال کیاگیا،ورنہ ساتھ ساتھ مکانات والے اس گنجان آبادی والے علاقے میں مزید رہائشی مکانات بھی شعلوںکی لپیٹ میں آجاتے ۔معلوم ہواکہ سنیچر کو بعددوپہرتقریباًاڑھائی بجے اولڈ ٹائون بارہمولہ کے محلہ ککرحمام میں شبیر احمد میر نامی شہری کے تین منزلہ رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی ۔مقامی لوگوںنے فائراینڈایمرجنسی سروسزٹیم کے آنے تک آگ پرقابو پانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے ۔تاہم اس دوران شعلوں کی لپیٹ میں آچکے مکان میں رہنے والے افراد خانہ کونکالاگیااورساتھ ہی نزدیکی مکانات کے رہائشیوںنے کچھ گھریلو سامان بچانے کی کوشش کی ۔عینی شاہدین نے بتایاکہ ایک تین منزلہ پختہ مکان کی دوسری منزل سے آگ نمودار ہوئی اورجلد ہی نزدیکی کچھ مکانات کوبھی شعلوںنے لپیٹ میں لے لیا ۔لوگوںنے کہاکہ آگ کی زدمیں آنے والے مکانات سے بھڑکنے والے شعلے دوردورتک دیکھے جاسکتے تھے ۔اس دوران محکمہ فائراینڈایمرجنسی سروسزکے اہلکار آگ بجھانے والی کئی گاڑیاں لیکر یہاں پہنچے اورانہوںنے آگ پرقابو پانے کی کارروائی شروع کی ،جس میں مقامی نوجوانوں نے بھی ان کاہاتھ بٹایا۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ نے بتایا کہ 8فائر ٹینڈر موقع پر پہنچائے گئے۔انہوںنے بتایاکہ مقامی نوجوانوںکی مدد سے فائرسروسزاہلکار کافی وقت تک محنت ومشقت کرنے کے بعدآگ پرقابوپانے میں کامیاب ہوگئے ۔انہوںنے کہاکہ آگ کی اس واردات میں چار رہائشی مکانات اور ان میں موجود سامان جل کرخاکستر ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ آگ بجھانے والی کم سے کم8گاڑیوںکواستعمال کیاگیا،ورنہ ساتھ ساتھ مکانات والے اس گنجان آبادی والے علاقے میں مزید رہائشی مکانات بھی شعلوںکی لپیٹ میں آجاتے ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ آگ کی اس ہولناک واردات میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک اورگھریلو سامان تباہ وبرباد ہوگیا اورکئی کنبے آشیانوں اورعمر بھرکی جمع پونجی سے محروم ہوگئے ۔حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی اور اس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ واقع میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔