سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے اودہمپور۔ سرینگر بارہ مولہ ریل لنک پروجیکٹ کی چوتھی اپیکس کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پروجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پی ڈی ڈی، ڈویثرنل کمشنر جموں، ڈویثرنل کمشنر کشمیر، ڈپٹی کمشنر رام بن، ریاستی حکومت کے سنیئر افسران اور ریلوے کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ریاسی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ڈویثرنل کمشنر جموں، ڈپٹی کمشنر ریاسی اور ڈپٹی کمشنر رام بن نے چیف سیکرٹڑی کو کٹرہ۔ بانہال ریل لائین سیکشن کے لئے اراضٰ کی حصولیابی اور132 کے وی ٹرانسمیشن لائین سیکشن کٹرہ سے ریاسی تک اور رام بن سے سنگلدان تک جاری ترقیاتی و تعمیراتی کام کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ ڈویثرنل کمشنر کشمیر نے132 کے وی ٹرانسمیشن لائین، بڈگام جی ایس ایس سے بڈگام ریلوے ٹریکشن سب سٹیشن پر جاری کام کی تفصیلات پیش کیں۔چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ حصول اراضی کے التواء میں پڑے معاملات کو جلد سے جلد نپٹائیں۔ اسی طرح محکمہ جنگلات سے کہا گیا کہ وہ6 فارسٹ لینڈ کیسوں میں احکامات جاری کرنے کے عمل میں سرعت لائیں۔رام بن اور ریاسی کے ڈپٹی کمشنر اور ریلوے حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوامی اہمیت کے حامل معاملات کو نپٹائیں۔