سرینگر// گورنراین این ووہرا جو انڈین ریڈ کراس سوسائٹی جے اینڈ کے ، کے صدر بھی ہیں، کی صدارت میں یہاں آئی آر سی ایس کی سٹیٹ منیجنگ کمیٹی کی175 ویں میٹنگ منعقد ہوئی۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو آئی آر سی ایس کی نائب صدر ہیں بھی اس میٹنگ میں موجود تھیں۔گورنر نے پچھلے چھ ماہ کے دوران سوسائٹی کی طرف سے کئے گئے کام کا جائیزہ لیتے ہوئے بڑے پیمانے پر فسٹ ایڈ تربیتی پروگراموں خاص طور سے جموں خطے کے سرحدی علاقوں میں اس کی افادیت کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے چیف سیکرٹری سے کہا کہ وہ کمرشل گاڑیوں اور سکول بسوں کے ڈرائیوروں کے حق میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرتے وقت فسٹ ایڈ ٹریننگ کو لازمی بنانے کے لئے ہدایات جاری کریں۔ڈی جی پی کو ہدایت دی گئی کہ وہ پولیس ٹریننگ سکولوں میں تربیت پانے والے پولیس رنگروٹوں کے لئے ایسے تربیتی پروگراموں کو ادارہ جاتی شکل دیں۔گورنر نے کہا کہ عطیہ جمع کرنے کے ڈبوں کو ہوائی اڈوں، ریلوے سٹیشنوں، ہسپتالوں، یونیورسٹیوں، ہوٹلوں اور دیگر اہم مقامات پر نصب کیا جانا چاہئے تا کہ آئی آر سی ایس کی طرف سے عملائی جانے والی انسان دوست سرگرمیوں کے لئے چندہ جمع کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے یقین دلایا کہ ارکان اسمبلی کو باور کرایا جائے گا کہ وہ اپنے سی ڈی ایف میں سے اُن غریب مریضوں کے علاج کے لئے مدد کریں جو مہلک بیماریوں میں مبتلا ہیں۔سیکرٹری سکولی اور اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ جنرل سیکرٹری آئی آر سی ایس کو ہدایت دی گئی کہ وہ سی بی ایس سی سکولوں کو جونیئر ریڈ کراس اور یوتھ ریڈ کراس میں اپنے طُلاب کو انرول کرائیں۔ اس موقعہ پر ریڈ کراس فنڈس کے لئے وسائل جٹانے کے لئے یونیورسٹیوں، بار ایسوسی ایشنوں اور ہوٹلوں کو بھی شامل کئے جانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا گیا۔گورنرنے سیکرٹری آر اینڈ بی کو ہدایت دی کہ وہ سرینگر میں تعمیر ہورہے ریڈ کراس بھون کے کام میں تیزی لاکر اسے 2018 کے سرما تک مکمل کریں۔صوبائی کمشنروں کوہدایت دی گئی کہ وہ ان ریڈ کراس رضا کاروں کی نشاندہی کریں جنہوں نے مختلف شعبوں میں قابلِ فخر کام انجام دیا ہے اور جنہیں ریاستی سطح کے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا جاسکتا ہے۔گورنر نے ریڈ کراس سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ سٹیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کی تربیت کے لئے سالانہ کلینڈر تیار کریں۔جن اشودھی سکیم کی موجودہ صورتحال کا جائیزہ لینے کے دوران کمیٹی نے اتفاقِ رائے سے فیصلہ لیا کہ جن اشودھی دوائی سٹوروں پر جنرک ادویات کی دستیابی سے متعلق ایک وسیع بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر نے صحت اور طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت پر زور دیا کہ وہ ریاست میں بڑے پیمانے پر جن اشودھی سٹور قائم کرنے کو یقینی بنائیں تا کہ ادویات وافر مقدار میں عام لوگوں کے لئے دستیاب رہ سکیں۔صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت، چیف سیکرٹری بی بی ویاس، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ، آر کے گوئل، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال،ڈویثرنل کمشنر جموں ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود سجاد احمد خان اور آئی جی پی سی آر پی ایف کشمیر روی دیپ سنگھ سہائے بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ اس کے علاوہ کئی دیگر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔