انڈیا الائنس میں شامل سبھی لیڈران حلف برداری کی تقریب میں مدعو ہونگے :فاروق

یو این آئی

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہفتے کی شام کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو متحد کرنا نئی حکومت کا ایجنڈا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ کشمیری پنڈت اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں۔ان کے مطابق انڈیا اتحاد میں شامل سبھی لیڈروں کو حلف برداری کی تقریب میں شمولیت کرنے کی خاطر دعوت نامے بھیجے جائیں گے۔ سرینگر میں دسہرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر فاروق نے کہا’میں امید کرتا ہوں کہ کشمیری پنڈت جلد ازجلد گھر واپس لوٹ آئیں گے۔‘انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈتوں کے ساتھ ساتھ ہمیں جموں کے لوگوں کا بھی خیال ہے کیونکہ ہم ان کے دشمن نہیں۔نیشنل کانفرنس سرپرست اعلیٰ نے کہاکہ نئی حکومت سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں جتنے بھی مذاہب کے ماننے والے لوگ رہائش پذیر ہیں ان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا جب قبائیلی کشمیر آئے تو یہاں کے لوگوں نے جن میں مسلمان ، سکھ اور ہندو شامل تھے نے نعرہ دیا ’حملہ آور خبردار ہم کشمیری ہیں تیار‘۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ متحدہ ہو کر ہی ہم لوگوں کے مسائل و مشکلات حل کرسکتے ہیں۔ حلف برادری کی تقریب میں ملکی لیڈروں کو مدعو کرنے کے بارے میں فاروق عبداللہ نے کہاکہ انڈیا اتحاد میں شامل سبھی لیڈروں کو دعوت دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ حلف برداری کی تقریب میں انڈیا الائنس میں شامل سبھی لیڈران شرکت کریں۔ایل جی منوج سنہا کی جانب سے قوانین میں ترامیم کرانے کے بارے میں فاروق عبداللہ نے کہا:’جموں وکشمیر میں سب سے بڑی مصیبت بے روزگاری کا ہے، یہاں سرکاری اداروں میں اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جنہیں بہت جلد پر کیا جائے گا۔ ‘انہوں نے مزید بتایا کہ نئی سرکار کا پہلا ایجنڈا سٹیٹ ہڈ کی بحالی ہے اور اس حوالے سے ہم ایک مضبوط لائحہ عمل پر کام کریں گے۔انجینئر رشید کی ایل جی منوج سنہا سے ملاقات کے دوران سیاسی قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھانے کے بارے میں جب فاروق عبداللہ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں کہا:’انجینئر رشید کو سب سے پہلے اپنے آپ کو رہا کرانا چاہئے تب جا کر وہ قیدیوں کے بارے میں کچھ کہیں۔ ‘