یواین آئی
نئی دہلی// اپوزیشن پارٹیوں کے انڈیا اتحاد کے قائدین نے کہا ہے کہ مودی حکومت ملک کی جمہوریت کو تباہ کرکے آمریت پر اتر آئی ہے اور ان تمام ارکان پارلیمنٹ کو معطل کردیا ہے جنہوں نے پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی کی حکومت سے سوالات پوچھے تھے ۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پارٹی لیڈر راہل گاندھی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر شرد پوار، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا- مارکسسٹ کے سیتارام یچوری، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ڈی راجہ، ڈی ایم کے کے تروچی سیوا اور اتحاد کی تقریباً تمام آئینی جماعتوں کے لیڈروں نے اراکین پارلیمنٹ نے معطلی کے خلاف یہاں جنتر منتر پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2024 میں مودی حکومت کو باہر کا راستہ دکھانے اور ملک کو بچانے کے لیے اکٹھا ہونا ہے، اس لئے انڈیا اتحاد بنایا گیا ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کہاکہ ‘مودی جی اور امت شاہ جی نے ملک کی جمہوریت اور آئین کو تباہ کرنے کی پہل کی ہے۔ یہ لوگ دلتوں، مزدوروں، خواتین اور کسانوں کو کچلنے کا کام کر رہے ہیں، اس لیے ہم نے ملک کو بچانے کے لیے انڈیا اتحاد بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ ‘میں ایک دلت ہوں، اسی لیے بی جے پی حکومت مجھے، ایک دلت کو بولنے نہیں دیتی۔ اعلیٰ آئینی عہدوں پر فائز لوگ میری ذات کا نام لے کر میری توہین کرتے ہیں۔ مجھے ایوان میں نوٹس پڑھنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت دلتوں کو بولنے نہیں دیتی۔ ہمیں آئین میں اظہار رائے کی آزادی ملی ہے۔ یہ آزادی ہمیں مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو اور ڈاکٹر امبیڈکر نے دی تھی۔ آپ نے اپوزیشن کے اراکین اسمبلی کو ایوان سے باہر نکال دیا اور تمام مجوزہ قوانین بغیر کسی مخالفت کے منظور کروائے۔