عظمیٰ نیوز ڈیسک
جکارتا//انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں شدید بارش کے باعث سونے کی غیر قانونی کان بیٹھنے سے 12 افراد ہلاک اور 20دیگر لاپتا ہو گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے دوران زندہ بچ جانے والے 5افراد کو نکال لیا گیا،جب کہ ریسکیو ٹیم لاپتا افراد تلاش کر رہی ہے۔ تلاش کے لیے نیشنل ریسکیو ٹیم، پولیس اور فوج کے جوانوں پر مشتمل 164 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ شدید بارش اور کیچڑ کے باعث کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے اور امدادی کارکنوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے مقام تک پہنچنے کے لیے 20 کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے۔ادھربرازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں پیر کو دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس میں کم از کم پانچ افراد کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے ۔ مقامی فائر ڈپارٹمنٹ نے یہ اطلاع دی۔یہ حادثہ برازیل کے سب سے بڑے شہر ساؤ پاؤلو سے 206 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع میونسپلٹی ایپیونا میں ہائی وے 191 پر پیش آیا۔ ان میں سے ایک بس مریضوں کو طبی مراکز تک لے جا رہی تھی جبکہ دوسری گاڑی خالی تھی۔متاثرین میں سے چار مریضوں کو لے جانے والی بس میں سفر کر رہے تھے ۔ پانچویں موت خالی بس کا ڈرائیور کی ہوئی ۔ مقامی افسران نے بتایا کہ حادثے کے بعد ہائی وے کو بچاؤ مہم کے لیے دونوں سمتوں سے بند کر دیا گیا۔