جکارتہ//انڈونیشا کے مغربی جاوا صوبہ میں پیر کے دن تودہ گرنے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہوگئی جبکہ 20 دیگر لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں۔انڈونیشا کی نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے ترجمان سوتوپے پروو نے منگل کو بتایا کہ سوکابومی ضلع کے سنریسمی گاؤں میں تودہ گرنے کی وجہ سے اب تک 15 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور 20 لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ تین دیگر لوگ زخمی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راحت اور بچاؤ اہلکار لاپتہ لوگوں کو تلاش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘چھوٹے پیمانے پر چار دیگر تودے گرنے کے واقعات ہوئے ۔’’انہوں نے بتایا کہ تودہ گرنے سے متاثر 63 لوگوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ بارش کے موسم میں انڈونیشیا میں اکثر تودہ گرنے اور سیلاب آنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں ۔یو این آئی